Friday, April 26, 2024

وزیراعظم پر کرپشن ثابت ہو گئی تو وہ گھر نہیں جیل جائیں گے : عمران خان

وزیراعظم پر کرپشن ثابت ہو گئی تو وہ گھر نہیں جیل جائیں گے : عمران خان
May 1, 2016
لاہور (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نوازشریف پر کرپشن ثابت ہو گئی تو وہ گھر نہیں جیل جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے پاس حکومت کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رہا۔ کل اپوزیشن کے ساتھ مل کر ٹی او آرز فائنل کریں گے۔ انہوں نے کہا کارکن تیار رہیں کسی بھی وقت رائیونڈ جانے کا اعلان کر سکتا ہوں۔ پاکستان میں مزدوروں کا برا حال ہے اور یہاں 25لاکھ افراد بیروزگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کی نجکاری کے بجائے ان کا انتظام ٹھیک کریں گے اور ملکی اثاثے کبھی نہیں بیچیں گے۔ وہ لاہور میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں آئے تو اداروں کو غیرسیاسی بنائیں گے۔ ملکی اثاثوں کی لوٹ مار نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب میں کسانوں کو گندم کی پوری قیمت نہیں مل رہی اور کسانوں کےساتھ دھوکا ہو رہا ہے۔ کسانوں کو گندم کی سرکاری قیمت 1300 کے بجائے 1100 روپے فی من مل رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کرپشن معاشرے کودیمک کی طرح کھا جاتی ہے۔ جس ادارے کاسربراہ کرپٹ ہو گا وہ پورا ادارہ کرپٹ ہو گا۔ معاشرے کا سربراہ کرپشن کرے گا تو پورا معاشرہ کرپٹ ہو جائےگا۔ وزیراعظم کا احتساب ہو گیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ کپتان نے کہا پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ کرپشن کی بات سن کرمیاں صاحب غصے سے لال پیلے ہو جاتے ہیں۔ آج کل میاں صاحب کے حالات کمزور ہیں۔ میاں صاحب کے چھوٹے بھائی ان کاحوصلہ بڑھانے کےلئے ساتھ بیٹھتے ہیں۔ غریب مجبوری میں چوری کرے تو وہ جیل چلا جاتا ہے مگر بڑے بڑے ڈاکو صدراور وزیراعظم بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا میاں صاحب پر الزامات لگائے گئے مگر وہ جواب دینے کے بجائے مانسہرہ چلے گئے۔ جمہوریت میں تو جواب دینا پڑے گا۔ شریف خاندان نے 7 برسوں میں 6 ارب کا قرضہ لیا۔ 90ءکی دہائی میں شریف خاندان نے60ارب کا قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا حکمران حکومت میں آتے ہی کاروبار کیلئے ہیں۔ لندن میں شریف خاندان کے 7 ارب روپے کے گھر ہیں۔ رائےونڈ محل 11ارب روپے سے زائد کا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا آج تک کوئی سڑکیں اورپل بنا کر قوم نہیں بنا۔ وزیراعظم کے بیٹے 650 کروڑ کے گھر میں رہتے ہیں، وہ خودٹیکس نہیں دیتے۔ پچھلے 10 سال میں ہر پاکستانی پر قرضہ 35ہزار سے بڑھ کر 1لاکھ 15 ہزار ہو گیا۔ پاکستان میں روزانہ12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ میٹروبس اور ٹرین کرپشن کےلئے بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب اپنے اثاثے ڈکلیئر کریں ہم چپ کر کے بیٹھ جائیں گے۔ انہوں نے اگلے اتوار کو فیصل آباد میں جلسے کا اعلان کیا۔