Friday, April 26, 2024

وزیراعظم پاناما لیکس پر ایوان کو اعتماد میں لیں : اپوزیشن لیڈر

وزیراعظم پاناما لیکس پر ایوان کو اعتماد میں لیں : اپوزیشن لیڈر
May 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ اور قومی اسمبلی سے اپوزیشن نے یہ کہتے ہوئے واک آوٹ کردیا کہ وزیر اعظم پانامہ لیکس پر دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ جبکہ سینیٹ میں اعتزاز احسن نے حکومت پر تنقید کے بعد واک آوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس سے اپوزیشن نے دو مرتبہ واک آوٹ کیا۔ دوسری بار واک آوٹ پر جانے سے قبل قائد حزب اختلاف سینیٹ اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم نے بہت انتظار کیا لیکن وزیراعظم ایوان میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایوان کو بریفنگ نہیں دیتے اپوزیشن ایوان سے واک آوٹ کرتی رہے گی۔ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے واک آوٹ کے بعد پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم ایوان میں آنے کی بجائے چھپتے پھر رہے ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کو پانامہ لیکس کے حوالے سے ایوان میں بریفنگ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے ٹی او آرز اپوزیشن نے وزیراعظم کو بھجوا دیے ہیں اور اس مسئلے کو اپوزیشن افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم ایوان میں آئیں اور بتائیں کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے ماجرا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم ایوان میں آئیں گے تب ان کو ہم سنیں گے۔