Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم نے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا

وزیراعظم نے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا
July 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  کے الیکٹرک ٹیرف اور گیس کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  کے الیکٹرک ٹیرف اور گیس کی قیمتوں کے تعین کے نظام  سے متعلقہ امور  پر غور کرنے کے حوالے سے اجلاس میں وفاقی وزراء  سینٹر شبلی فراز، پرویز خٹک، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، امین الحق، اسد عمر، عمر ایوب خان، میاں محمد سومرو، مشیر ان ڈاکٹر حفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  کے الیکٹرک ٹیرف کے حوالے سے تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں  اور کے الیکٹرک  کے ٹیرف کو ملک کے دیگر حصوں کے مطابق یکساں  سطح پر  لانے کے لئے  مرحلہ وار  اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام پر ایکدم اضافی بوجھ نہ پڑے۔ اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق  کے الیکٹرک سے متعلقہ ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال جنوری میں  نیپرا کی سفارشات کے مطابق  ملک بھر میں ٹیرف میں اضافہ کیا گیا تھا، تاہم کے الیکٹرک کے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کو اوسطاً تین سے چار ارب روپے  ماہانہ کی سبسڈی دینا پڑ رہی ہے۔