Tuesday, May 21, 2024

وزیراعظم نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کا افتتاح کر دیا
May 21, 2021

کراچی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کا افتتاح کر دیا۔

عمران خان نے ورچوئل تقریب سے خطاب میں کہا خوشی ہے کے ٹو چین اور پاکستان کے تعاون سے 1100 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔ کے ٹو پاورپلانٹ پاکستان کو کلین انرجی دے گا۔ اس پاور پلانٹ سے ہمارے ملک کو بہت فائدہ ہو گا۔ ہمارے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے۔

 وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کے 70 سال کے تعلقات کا آج دن منا رہے ہیں۔ چین کے ساتھ ایسے تعلقات ہیں جو نیچے تک پہنچ چکے ہیں۔ چین کے ساتھ تعلقات آئندہ مزید بڑھتے جائیں گے۔ ہمارا ہمسایہ ملک دنیا کی 2 عالمی طاقتوں میں پہنچ چکا ہے۔ چین کی ترقی سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا مغربی ممالک کی ترقی چین سے مختلف ہے۔ چین غربت کیخلاف جنگ جیت چکا ہے۔ چین پلان کر کے لوگوں کو غربت سے اوپر لیکر آیا ہے۔ ہمارا بھی یہی پلان ہے اپنے لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے۔ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جنہیں گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ گلیشیئر جس تیزی سے پگھل رہے ہیں خطرہ ہے آنیوالی نسلوں کو پانی کا مسئلہ ہو گا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو مبارکباد دیتا ہوں۔ چین میں اٹامک انرجی میں 30 سال تعاون پر بھی داد دیتا ہوں۔

 وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا چینی صدر نے کرپشن کیخلاف جنگ لڑی ہے۔ جب طاقتور کو آپ قانون کے نیچے نہیں لاتے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ چین نے سوا چار سو منسٹری لیول کے لوگوں کو کرپشن میں سزا دی ہے۔ ہم چھوٹے لوگوں کو پکڑتے ہیں۔ جب اوپر کی سطح پر ہاتھ ڈالتے ہیں تب کرپشن کم ہوتی ہے۔ چین کے ساتھ آگے تعاون اور بھی بڑھتا جائیگا جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا۔