Friday, May 3, 2024

وزیراعظم نے کراچی میں ہلاکتوں کا ملبہ تمام اداروں پر ڈال دیا، اعلیٰ ترین اجلاس برخاست ہونے پر سب نے اپنی اپنی راہ لی

وزیراعظم نے کراچی میں ہلاکتوں کا ملبہ تمام اداروں پر ڈال دیا، اعلیٰ ترین اجلاس برخاست ہونے پر سب نے اپنی اپنی راہ لی
July 1, 2015
کراچی (92نیوز) گرمی سے ہلاکتیں ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے ، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، وزیر اعظم کا کراچی میں اجلاس میں خطاب، گرمی سے متاثرہ پینسٹھ ہزار افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا ، ساڑھے بارہ سو سے زائد جاں بحق ہوئے، وزیراعظم کو بریفنگ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی سے ہلاکتیں بڑھ گئیں تو وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا لیا۔ ہلاکتوں کی ذمہ داری تمام اداروں پر عائد کر دی۔ رسمی احکامات جاری کئے جس کے بعد سائیں جی ، گورنر اور وفاقی وزراءکا اجلاس برخاست ہوا اور سب نے اپنی اپنی راہ لی۔ کراچی میں موت کا کڑا پہرہ رہا۔ گلیوں ، سڑکوں میں لاشیں گریں تو وزیر اعظم نواز شریف بھی کراچی والوں کا احوال جاننے آ پہنچے۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اعلیٰ شخصیات نے گرمی سے ہلاکتوں پر وزیرا عظم کو رام کرنے کی کوشش کی۔ نواز شریف بھلا کیا کرتے، افسوس کا اظہار کیا اور کہا پورا ملک لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گرمی سے ہلاکتیں پاکستان کی تاریخ کابدترین واقعہ ہے۔ وزیر اعظم نے تمام اداروں کو کوتاہی کا مرتکب قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی حکومت سے عوامی ریلیف کےلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے استفسار کیا۔ سائیں جی نے نواز شریف کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گرمی کے ایام میں اسپتالوں میں 65ہزار مریض لائے گئے، 1250افراد جاں بحق ہوئے۔ صوبائی حکومت نے اپنی استعداد کے مطابق عوام کوریلیف دیا۔ گرمی سے ہلاکتوں کے ذکر کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ چیف سیکرٹری نے بھی اپنی ہی رام کہانی سنائی۔ بریفنگ میں بتایا کہ خرابی کی وجہ سے کے الیکٹرک کی طرف سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ اجلا س کے اختتام میں وزیر اعظم نے ضروری احکامات جاری کئے جس کے بعد اعلیٰ ترین اجلاس برخاست ہوا۔ گرمی سے ہلاکتوں پر لواحقین کی ڈھارس کون بندھائے گا اس کا جواب شاید کسی کے پاس نہیں۔