Friday, May 10, 2024

وزیراعظم نے کابینہ ارکان، بیوروکریٹس پر براہ راست ملاقات اور بریفنگ پر پابندی عائد کردی

وزیراعظم نے کابینہ ارکان، بیوروکریٹس پر براہ راست ملاقات اور بریفنگ پر پابندی عائد کردی
September 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے کابینہ ارکان اور بیوروکریٹس پر براہ راست ملاقات اور بریفنگ پر پابندی عائد کردی۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان اور بیوروکریٹس کے عسکری اداروں اور افسران سے براہ راست رابطوں کا نوٹس لے لیا۔ کابینہ ارکان اور بیوروکریٹس پر براہ راست ملاقات اور بریفنگ پر پابندی عائد کردی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو وزراء اور بیورو کریٹس کی براہ راست ملاقاتوں اور بریفنگز کی رپورٹس موصول ہو رہی تھیں۔ کابینہ ڈویژن کے وزراء اور بیورو کریٹس کا اقدام 1973ء کے رولز آف بزنس کے منافی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے کابینہ ارکان اور بیورو کریٹس کو پابندی عائد کرنے کے احکامات ارسال کر دیئے۔ کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ احکامات کے مطابق جی ایچ کیو، نیوی اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات، خط و کتابت اور بریفنگ کے لیے وزارت دفاع سے رجوع کیا جائے۔ وزارت دفاع رولز آف بزنس کے مطابق متعلقہ وزراء اور بیورو کریٹس کی ملاقاتوں اور بریفنگ کا انعقاد کروائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر دفاع اور سیکرٹری دفاع ملاقاتوں، خط و کتابت اور بریفنگ سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو پیشگی آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم کی اجازت کے بعد وزارت دفاع متعلقہ وزارت کو مطلوبہ ہدایات جاری کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف پارٹی رہنماؤں پر عسکری قیادت سے براہ راست ملاقاتوں پر پابندی عائد کرچکے۔