Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم نے پٹھانکوٹ واقعہ پر 6 رکنی کمیٹی بنا دی کمیٹی بھارتی الزامات اور تحقیقات کا جائزہ لے گی

وزیراعظم نے پٹھانکوٹ واقعہ پر 6 رکنی کمیٹی بنا دی کمیٹی بھارتی الزامات اور تحقیقات کا جائزہ لے گی
January 14, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)وزیر اعظم نوازشریف کی زیرِصدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح  کے اجلاس میں اہم فیصلے کرلئے گئے۔ سیاسی وعسکری قیادت نے  پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم بھارت بھجوانے کا فیصلہ کرلیا اور6 رکنی  کمیٹی  تشکیل بھی دے دی گئی  ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی آئی ایس آئی،ڈی جی ایم او،کور کمانڈر لاہور،ڈی جی آئی بی،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر داخلہ چوہدری نثار،سرتاج عزیز،طارق فاطمی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی،اجلاس میں قومی سلامتی ۔دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن اور معلومات کی روشنی میں پٹھان کوٹ کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،، وزیر اعظم نواز شریف نے پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی کمیٹی میں  پولیس ، آئی بی ، ایف آئی  اے ،  آئی ایس آئی  اور ایم آئی کے افسر  شامل ہونگے۔ اعلامیے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق پٹھان کوٹ سے متعلق فراہم کی جانے والی  معلومات کی روشنی میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے افراد کو گرفتار کیا گیا اور تنظیم کے دفاتر سر بمہر کر دیے گئے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ پٹھان کوٹ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم بھارت بھجوانے اور مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے بھارت سے رابطے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ،اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اپنی سرزمین  کسی قسم کی دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔