Friday, March 29, 2024

وزیراعظم نے پاک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم نے پاک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
May 19, 2016
گلگت (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ موٹروے کو غیرضروری سمجھنے والے اب جی ٹی روڈ پر جانے کا نام بھی نہیں لیتے۔ فاصلے کم ہوں گے تو دل قریب ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم نے گلگت میں آپٹیکل فائبر بچھانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور گلگت بلتستان کونسل کے نومنتخب ارکان سے حلف بھی لیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے پاناما لیکس کو حکومت کےلئے دردسر بنایا تو وزیراعظم نے اس کا جواب عوام سے رابطے بڑھا کر دینا شروع کر دیا۔ اپنی اسی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف آج گلگت بلتستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے نہ صرف پاک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا بلکہ گلگت بلتستان کونسل کے نومنتخب ارکان سے حلف بھی لیا۔ ارکان کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو کھری کھری سنانے کی بجائے اپنی حکومت کی خدمات گنوانا بہتر سمجھا۔ ان کا کہنا تھا حکومت نے خنجراب سے کراچی تک امن قائم کر دیا، کسی کو گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے کو غیرضروری سمجھنے والے اب جی ٹی روڈ پر جانے کا نام بھی نہیں لیتے، سڑک ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے آپیٹکل فائبر منصوبے کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائےگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور سمیت ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔