Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم نے پاک افغان طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے پاک افغان طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا
September 18, 2019

 خیبر (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاک افغان طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ طور خم بارڈر اب چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا۔ وزیر اعظم کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان پاک افغان سرحد طورخم پہنچے۔ وزیراعظم نے سرحد کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے انٹگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ منیجمنٹ سسٹم ۔۔ ٹوئنٹی فور سیون منصوبے کا افتتاح کیا۔

  طورخم میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کےلئے جتنا کرسکتے تھے کیا ۔ امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا تو ہم نے طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ بٹھانا تھا۔

مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت پھنس چکا ہے۔ رہی سہی کسر جنرل اسمبلی میں پوری کردوں گا۔ ہندوستان پر انتہاء پسند سوچ کا قبضہ ہے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی اور مظالم بند ہونے تک ہندوستان سے بات نہیں ہو سکتی۔

 وزیراعظم نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا کہ جو مرضی ہو جائے کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔ اپوزیشن کا کوئی ایجنڈا نہیں۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے لئے ایک سو پچاس ارب دیئے ہیں جو اس علاقے کے لئے آج تک مختص ہونے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے پھر دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا اپوزیشن دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ جو مرضی ہو جائے این آر او نہیں دوں گا۔  انہوں نے کہا اپوزیشن کا ایک ہی مقصد ہے کہ انہیں این آر او مل جائے۔ مشرف کے این آر او نے دس سال میں 24 ہزار ارب کا قرضہ چڑھایا۔ دو جماعتوں نے واپس آکر کھل کر چوری کی۔ بے دردی سے ملک کو لوٹا۔ انہوں نے ہی ایک دوسرے پر کیسز بنائے،آج پکڑے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا بھارت نے کشمیر میں 9 لاکھ فوج لگا رکھی ہے۔ وہ صرف پاکستان پر چڑھائی کا بہانہ چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے اور آرٹیکل 370 کی بحالی تک بات چیت نہیں کریں گے۔