Thursday, April 18, 2024

تاریخ رقم !!! وزیراعظم نے ویڈیو لنک اجلاس میں وفاقی بجٹ کی منظوری دیدی

تاریخ رقم !!! وزیراعظم نے ویڈیو لنک اجلاس میں وفاقی بجٹ کی منظوری دیدی
May 30, 2016
لندن (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن دیکھ رہے ہیں۔ قومی مجموعی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ تین سال میں جی ڈی پی میں چار فیصد اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور کابینہ کے اجلاسوں کی صدارت کی اورکہا کہ شرح نمو ذٹھ سال کی بہترین سطح پر آگیا، ملک کا مستقبل تابناک ہے، اسحاق ڈار یوریا کھادکی قیمتیں کم کروائیں۔ وزیر اعظم نوازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے پہلے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور پہلے سولہ سو پچہھتر ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ اور پھر پینتالیس کھرب سے زائدکے وفاقی بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو یوریا کھاد اور دیگر اشیا کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر قومی معیشت کو مستحکم قراردیتے ہوئے خوشحال پاکستان کی نوید سنائی اور کہا کہ مجموعی قومی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملکی شرح نمو آٹھ سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ صحت کی دعا کرنے والوں کے شکرگزار ہیں۔ امید ہے وہ جلد پاکستان میں ہوں گے۔ دوسری جانب اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے جہاں وزیراعظم کو جلد صحت یابی کی دعا دی وہیں ہلکے پھلکے اندازمیں وزیراعظم سے گلے شکوے بھی کر ڈالے۔ وزیر اعظم کے خطاب کے بعد اجلاس کے شرکا نے ان کی جلد صحت یابی کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کے لئے دعا کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ کابینہ سے کہیں کہ سندھ کے ساتھ ہاتھ ہلکا رکھیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بھی وزیر اعظم کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور ان کی غیر موجودگی میں اسحاق ڈار کو تنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی وزیراعظم کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔