Thursday, April 18, 2024

وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں

وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں
October 23, 2019
  اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ٹیلی فون رابطہ ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو محمد نوازشریف کے علاج معالجے کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا محمد نوازشریف کو اسپتال میں بہترین طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ محمد نوازشریف کی صحت کے حوالے سے محکمہ صحت کے حکام اور اسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ انہوں نے کہا محمد نوازشریف کو ہر طرح کی طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ کو محمد نواز شریف کے علاج معالجے سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شریف خاندان کے افراد کی منشاء کے مطابق نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ نواز شریف کی صحت یابی کےلئے وزیر اعظم نے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ ادھر نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں بہتری آنا شروع ہو گئی۔ چوتھی میگا کٹ لگنے کے بعد پلیٹ لیٹس کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نوازشریف کی صحت بہتر ہورہی ہے، علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ نوازشریف کی صحت یابی کے لیے سروسزاسپتال کے باہر بکروں کاصدقہ دیا گیا ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد تیس ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ اب تک چار پلیٹ لیٹس یونٹ لگ چکے مزید مزید دوپلیٹ لیٹس یونٹس کا انتظام کر لیا گیا ۔ دل کے عارضے کے لیے پی آئی سی کے سینئر کارڈیالوجسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ نئے روسٹر کے مطابق نوازشریف کے لئے تین شفٹوں میں اکیس ڈاکٹرڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ ڈاکٹرز کی ٹیم چوبیس گھنٹے نوازشریف کے لیے موجود رہے گی۔