Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویز بان کی مون کے حوالے کردیں

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویز بان کی مون کے حوالے کردیں
September 22, 2016
نیو یارک (92 نیوز) – وزیراعظم نوازشریف کی اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بان کی مون سےملاقات، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کی ہلاکت کےثبوت دیئے۔ ریاستی دہشت گردی کاشکاربےگناہ لوگوں کی تصاویر بھی دکھائیں۔ وزیراعظم نوازشریف نےنیویارک میں اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بانکی مون سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بانکی مون کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکت کے ثبوت فراہم کیے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کا شکار بے گناہ کشمیریوں کی تصویریں بھی دکھائیں جن میں پیلٹ گن سے زخمی ہونے والے بچوں کی تصاویر بھی شامل تھیں۔ بان کی مون نے ظلم وبربریت کا شکارکشمیریوں کی تصاویر دیکھ کرگہرے صدمے کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کومقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ پچہتر دنوں میں ایک سو سے زائد کشمیریوں کی شہادت اور ہزاروں زخمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں خواتین اور بچے بینائی سےمحروم ہوچکے ہیں۔ پیلٹ گن کااستعمال غیرانسانی فعل ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت اموات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد کا پابند بنایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نےمقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے متعلق بیان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بانکی مون نے دنیا میں قیام امن اوراستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔