Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم نے لیہ میں میرا کاروبار، میری آمدنی پروگرام کا آغاز کردیا

وزیراعظم نے لیہ میں میرا کاروبار، میری آمدنی پروگرام کا آغاز کردیا
February 21, 2020
لیہ (92 نیوز) وزیراعظم نے لیہ میں میرا کاروبار، میری آمدنی پروگرام کا آغاز کردیا۔ عمران خان کہتے ہیں ہر ماہ اسی ہزار لوگوں کو بغیر سود قرضے دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے لیہ میں میرا کاروبار ،، میری آمدنی پروگرام کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثانیہ نشتر کو احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، کوشش ہے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں، ایسی ریاست جو نظریہ پاکستان تھا، امیر امیر ہو گیا عام آدمی نیچے ہی رہا، امیر اور غریب میں فاصلہ بڑھتا رہا، چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، ہمارا بھی یہی خواب ہے، کمزور طبقے کو ہتھیار دیئے جائیں تاکہ وہ اپنے آپ کو اوپر اٹھائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نےغریب عوام کوقرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہرمہینے 80 ہزار لوگوں کو سود کے بغیر قرضے دیئے جائیں گے، ہر سال 50 ہزار اسکالر شپ دی جائیں گی، سارے پاکستان میں پناہ گاہ بنا رہے ہیں، مزدور کو دیہاڑی نہ ملے تو بھوکے رہتے ہیں، اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، کوشش ہے کہ کوئی عام آدمی سڑک پر نہ سوئے، 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں۔ انہوں نے دوران خطاب مزید کہا کہ ماضی میں جھوٹے کیسز بنائے جاتے تھے، تھانوں پر لوگوں کو اعتبار نہیں تھا، خواتین کو گھر چلانے کیلئے ایک بھینس، ایک گائے اور تین بکریاں دیں گے، میں نئےآئی جی کو سب کے سامنے مبارک دینا چاہتا ہوں، آئی جی کو کہا ہے صوبے کے اندر بڑے بدمعاشوں کو پکڑیں۔ وزیراعظم مزیدبولے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل چکا ہے، مقروض ملک تھا، قرضے لئے گئے تھے، قرضوں کی قسط واپس نہ کرتے تو ملک نے ڈیفالٹ کر جانا تھا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 75 فیصد کم ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ’میرا کاروبار، میری آمدنی‘پروگرام  سے متعلق لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا، بریفنگ لی ۔عمران خان مظفر گڑھ بھی گئے جہاں انہوں نے مظفرگڑھ ڈی جی خان دو رویہ سڑک کا افتتاح کردیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ رہے۔