Friday, May 17, 2024

وزیراعظم نے لاہور میں جدید ٹیکنالوجی زون ٹیکنا پولس کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے لاہور میں جدید ٹیکنالوجی زون ٹیکنا پولس کا افتتاح کر دیا
December 23, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں جدید ٹیکنالوجی زون ٹیکنا پولس کا افتتاح کر دیا۔

ٹیکنالوجی زونز کی تعمیر کے لئے 3 سو ملین ڈالرز کی سرماریہ کاری کی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیئے گئے۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ٹیک کمپنیاں دنیا کا مستقبل ہیں۔ ہم بڑی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ کورونا کے دوران ٹیک کمپنیوں نے ترقی کی۔ ہم نے آئی ٹی کے شعبے میں ایکسپورٹ کو بڑھایا ہے۔ ایکسپورٹ کے بغیر ہمارے ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا روزگار بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم نے کبھی بھی ایکسپورٹ پر زور نہیں دیا۔  ہم سے پیچھے جو ملک تھے وہ ایکسپورٹ میں ہم سے آگے نکل گئے۔ معیشت جیسے ہی ترقی کرتی ہے ہمارے پاس ڈالر ختم ہو جاتے ہیں۔ اسی لئے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس قرضے لینے کے لئے جانا پڑتا ہے۔

ادھر وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے سابق حکومت نے لاہور نالج پارک کے منصوبے پر 10 سال تک عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا۔ ایک دہائی تک 790 ایکڑ زمین کو خالی رکھا گیا۔ ماضی کی حکومت نے صرف چار دیواری اور گیٹ لگایا۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو اسپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنوپولس پراجیکٹ پر کام شروع کرنے اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مجموعی اراضی میں سے 400 ایکڑ زمین پر لاہور ٹیکنو پولس کا منصوبہ بنے گا۔ اس منصوبے کے لئے انفراسٹرکچر کو جلد مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا ٹیکنو پولس کے لئے لاہور کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کہ یہاں یونیورسٹیاں اور انڈسٹریز بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ٹیکنوپولس کے قیام کا مقصد یونیورسٹیز اور انڈسٹریز کے باہمی اشتراک کے ایسے مواقع پیدا کرنا ہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے اور ملک کی معیشت اور انڈسٹری مزید ترقی کرے۔ اس منصوبے تک آسان رسائی ممکن ہو گی۔ اس منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔