Sunday, May 5, 2024

وزیراعظم نے قومی اسمبلی اجلاس کیلئے حکمت عملی بنا لی‘ اپوزیشن بھی سخت ردعمل کیلئے تیار

وزیراعظم نے قومی اسمبلی اجلاس کیلئے حکمت عملی بنا لی‘ اپوزیشن بھی سخت ردعمل کیلئے تیار
May 12, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن کے سوالات کا براہ راست جواب نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ دوسری طرف اپوزیشن کہتی ہے کہ وزیراعظم نے جواب نہ دیا تو شدید احتجاج کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے کل قومی اسمبلی میں خطاب کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وزیراعظم پانامالیکس کے معاملے پر بات کریں گے۔ خطاب کا محور خاندانی کاروبار، ٹیکس ریکارڈ اور ماضی کے الزامات ہوں گے۔ وزیر اعظم جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کے لیے اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت بھی دیں گے جبکہ وہ ایک مرتبہ پھر خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا جائے گا کہ رفقاءکی مخالفت کے باوجود ٹی او آرز کے معاملے پر اپوزیشن کیساتھ بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اب اپوزیشن جوڈیشل کمیشن کے مطالبے سے بھی پیچھے ہٹ رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا لہجہ جارحانہ ہو گا جبکہ وہ اپنے خاندانی کاروبار کے تاریخی پس منظر کے علاوہ ٹیکس ریکارڈ کا مختصراً ذکر بھی کریں گے۔ ادھراعتزاز احسن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم نے برا ہ راست اپوزیشن کے سوالات کا جواب نہ دیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس شرکاءکا کہنا تھا کہ حکومت کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ، عوام کا حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ وزیر اعظم پر لگنے والے الزامات کی کیا حقیقت ہے۔