Friday, April 19, 2024

وزیراعظم نے قرضوں کے متعلق غلط بیانی کی، قمر زمان کائرہ

وزیراعظم نے قرضوں کے متعلق غلط بیانی کی، قمر زمان کائرہ
June 12, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا وزیراعظم نے قرضوں کے متعلق غلط بیانی کی۔ وزارت خزانہ میں قرضوں کا حساب موجود ہے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا وزیراعظم شوق سے کمیشن بنائیں، مزار قائد پر مناظرہ کر لیں پتہ چل جائے گا کس نے کتنا قرض لیا۔

 پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ بولے حکومت نے بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے گرفتاریاں کیں۔ وزیراعظم مخالفین پر الزام تراشی کرتے ہیں، یہی بات وزیراعظم کو کہی جائے تو ناراض ہو جاتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا نون لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے سالانہ ہزاروں ارب کا قرضہ واپس کیا لیکن اس حکومت کا مقصد عوام کو اتنا پریشان کرنا ہے کہ اپنی جیبوں پر ڈاکا بھول جائیں۔

ادھر بلاول بھٹو نے ٹویٹ داغا کہ وزیر اعظم نے آدھی رات کو گھبراہٹ میں خطاب کیا۔ عمران خان خوفزدہ ہیں کہ ان کی حکومت گر جائے گی۔

پی پی رہنما خورشید شاہ بھی سیخ پا دکھائی دیے اور کہا  دوسروں سے قرض  کا حساب لینے والے اپنی حکومت میں لیے قرض، معاشی بدحالی، مہنگائی اور بے روزگاری کا حساب کب دیں گے۔ آدھی رات کو الزام تراشی محض مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ کیا اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں ہی  احتساب ہے۔

قبل ازیں قوم سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی جان بھی چلی جائے ، چوروں اور ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑیں گے ، تحقیقات کریں گے کہ 10 سال میں کس طرح ملک کو تباہ کیا گیا، حکومت گرانے کی دھمکی دینے والے کسی اور کو بلیک میل کریں ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ مجھ سے سوال کرتے ہیں ، میں اب ان سے جواب مانگنے لگا ہوں ، اب تک پریشر تھا ملک کو مستحکم کرنے کا، اب اللہ کا کرم ہے پاکستان مستحکم ہو گیا ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے 10 ارب ڈالرز بیرون ملک اکاؤنٹس میں پڑے ہیں ، اقامے منی لانڈرنگ کےطریقے تھے،ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کے نام پر رقم منگوائی گئی ، زرداری نے ایک سوارب روپے کی منی لانڈرنگ کی،نیا پاکستان ریاست مدینہ کے اصولوں پر بنے گا، وہ بجٹ پیش کیا جو پاکستان کے نظریہ کی عکاسی کرتا ہے۔