Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم نے فیصل واوڈا کی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی لگا دی

وزیراعظم نے فیصل واوڈا کی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی لگا دی
January 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز)  وزیراعظم نے فیصل واوڈا کی ٹاک شوز میں شرکت پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگا دی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا فیصل واوڈا پر پابندی دو ہفتوں کیلئے لگائی گئی۔ وزیراعظم نے کہا اداروں کی ساکھ مجروح نہیں کرنے دیں گے۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا سلامتی کونسل میں کشمیر ایشو پر تیسری بار بحث ہوئی۔ حکومت کشمیریوں کی آواز کو بین الاقومی سطح پر طاقت دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ یوم کشمیر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ عمران خان نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کی۔ فردوس عاشق اعوان بولیں اتحادیوں کے حوالے سے تمام افواہیں اور قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔ اتحادیوں نے جمہوریت کے لیے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سیاسی استحکام کے لیے وزیراعظم نے اتحادیوں کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اعتماد کرنے پر اتحادی جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پارلیمنٹ میں قانون سازی کاعمل مثبت انداز سے آگے بڑھا۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں قانون سازی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون سازی سے پارلیمنٹ کا وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم نے نیب آرڈیننس پر اپوزیشن سے مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے ۔ فردوس عاشق اعوان بولیں عوامی فلاح ومعاشی ترقی کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتیں شانہ بشانہ ہیں۔ وزیراعظم نے ضلع کی سطح پر عوامی مفاد کے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ قانونی اصلاحات میں بار اور بینچ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا مودی حکومت نے بھارت میں آر ایس ایس آئیڈیالوجی کے ذریعے مسلمانوں کی نسل کشی کا مذموم پلان تیار کیا ہے ۔ ہندوستانی حکومت اور ریاست مسلمانوں کیخلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بھارتی اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بولیں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے ہمارا فخر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا افواج پاکستان سمیت سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو برفباری سےمتاثرہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ برف باری کاشکار بلوچی عوام کو فوڈ آئٹم ،شیلٹرز اور دیگراقدامات کو تقویت دینے کی ہدایت کی ہے۔