Friday, April 19, 2024

وزیراعظم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارک باد دی

وزیراعظم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارک باد دی
August 2, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو سینیٹ کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔ وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی کی وزیر اعظم آفس میں ملاقات ہوئی۔ شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر بیرسٹر علی سیف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان بولے سینیٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے حوالے سے چیئرمین سینٹ اپنی ذمہ داریاں اسی احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا ارکان کا اعتماد ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان کو اچھے  طریقے سے چلائے جانے کی تصدیق ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن اتحاد کو منہ کی کھانا پڑ گئی، حکومتی اتحاد جیت گیا۔ چیئرمین صادق سنجرانی  عہدہ بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔ بلاول بھٹو اور شہبازشریف کا ظہرانہ کام آیا نہ ہی رہنماؤں کی جذباتی تقاریر۔ سینیٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی انہونی ہو گئی۔ اپوزیشن کے ساتھ اپنوں نے ہی ہاتھ کر دیا۔ ایوان بالا میں اکثریت کا دعویٰ کرنے والی اپوزیشن اقلیت میں تبدیل ہو گئی۔ بڑے دعوؤں  سے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والی  حزب اختلاف کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ میں 64 ارکان نے  ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی لیکن ووٹ 50 نے ڈالا۔ پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں 100 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے دوران صادق سنجرانی کو 45 ووٹ ملے جب کہ پانچ ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔