Friday, March 29, 2024

وزیراعظم نے روشن اپنا گھر پروگرام کا آغاز کردیا

وزیراعظم نے روشن اپنا گھر پروگرام کا آغاز کردیا
August 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے روشن اپنا گھر پروگرام کا آغاز کردیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، دوسرے اثاثوں کی طرح بدقسمتی سے ہم اوورسیزپاکستانیوں سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

اُنہوں نے کہا، اوور سیز پاکستانیوں کا ملک کے جی ڈی پی جتنا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے۔ پاکستان کے بہترین پروفیشنلز کو واپس لانے کیلئے کوشاں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، پاکستان میں سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، جو لوگ کرپشن فری نظام میں کام کرنے کے عادی ہوجائیں وہ کرپٹ نظام میں کام نہیں کرسکتے۔ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔

وزیراعظم بولے کہ، بیرون ملک پاکستانیوں کی ہمیشہ خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان میں گھر بنائیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ قبضہ گروپ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کرکے پلاٹ لیتے ہیں اور پھر اس پر قبضہ ہوجاتا ہے، ہم قبضہ گروپ کے خلاف اس وقت جہاد کررہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا، روشن اپنا گھر ایسی چیز ہے جس کی طرف اوورسیز پاکستانی ضرور آئیں گے، اوورسیزپاکستانیوں کو بینک گارنٹی دیں گے، بینکوں سے قرضہ بھی لے سکیں گے۔ روشن اپنا گھر گیم چینجر ثابت ہوگا، اس سے بہت زیادہ سرمایہ بھی آئے گا۔

عمران خان نے کہا، اوورسیزپاکستانی اگر روشن اپنا گھر جیسی اسکیموں میں شرکت کریں گے تو ہمارا امپورٹ اور ایکسپورٹ کا فرق بھی ختم ہوسکتا ہے۔ اب جو گروتھ ہوگی وہ مستحکم ہوگی، اوورسیزپاکستانیوں کا ملک میں گھر بنانے اور پلاٹ خریدنے کا خوف ختم کریں گے۔