Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات نہ کی ‏

وزیراعظم نے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات نہ کی ‏
March 30, 2019

کراچی ( 92 نیوز) گلے، شکوے برقرار ہونے کے باعث  وفاق اور سندھ میں اختلافات کی خلیج مزید بڑھ گئی، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ تو کیا مگر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات نہ کی ۔ سندھ کی  سرکار کو وفاق کی سرد مہری  پر اعتراض ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ خط کا جواب نہ ملنے پر وفاق سے ناراض ہو گئے ،  مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو نیب زیادتیوں، پانی و گیس سے متعلق خطوط لکھے، اس کے علاوہ رواں مالی سال 120 ارب کی کٹوتی پر بھی ناراضگیاں ہیں۔

ادھر گورنر سندھ کی جانب سے سندھ کے مسائل پر آواز نہ اٹھانا بھی وفاقی و صوبائی حکومت میں دوری کا سبب بنا۔

وزیر اعظم عمران خان نے آج کراچی کا دورہ کیا ، گورنر ہاؤس میں اہم بیٹھک لگائی اور کراچی پیکج کا اعلان کیا مگر اس تمام عرصے میں  سندھ کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات نہ کی ۔