Friday, April 19, 2024

وزیراعظم نے دفاعی نمائش ’آئیڈیاز‘ کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے دفاعی نمائش ’آئیڈیاز‘ کا افتتاح کر دیا
November 22, 2016

کراچی (92نیوز) افتتاحی خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آئیڈیاز 2016ءنمائش میں شرکت پر خوشی ہے اور وہ نمائش میں شریک تمام غیرملکی وفود کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے منتظمین کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ وزیراعظم نے کہا حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت سماجی شعبے کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کر ر ہی ہے۔ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا غیرملکی وفود کی شرکت نے ہمارا حوصلہ بڑھایا۔ پاکستان دفاعی صنعت کی ترقی کے لیے بھی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں شرح سود ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔ افراط زر میں تاریخی کمی اور شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا مجموعی ملکی پیداوار 4.71 فیصد ہے جو گزشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ ہے۔ دوہزار سولہ سترہ تک مجموعی ملکی پیدا وار 5 فیصد تک لے جائیں گے۔ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کے معترف ہیں۔ موڈیز اور سٹینڈرڈز آف بورڈ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔

نوازشریف نے کہا دفاعی نمائش آئیڈیاز میں 2 ہزار سے زائد آلات حرب آج نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ دفاعی صنعت کی استعداد کار اور معیار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان خطے میں کسی بھی طرح کی اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے۔ ہمارے آلات حرب صرف امن کے فروغ کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا دفاعی صنعت کے فروغ کے لیے وزارت تجارت کا تعاون قابل تعریف ہے۔ ہمارے دفاعی ہتھیار ہر طرح کی آزمائش میں پورے اترے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا عالمی منڈی میں پاکستانی دفاعی ہتھیاروں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہتھیاروں کی تیاری میں بہتری کے لیے دوسرے ملکوں سے ٹیکنالوجی کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ بعدازاں وزیراعظم نوازشریف نے نمائش میں رکھے سٹالز کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ کراچی میں منعقدہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ءمیں پچپن ممالک کے وفود شریک ہیں۔ نمائش چار روز تک جاری رہے گی۔