Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نے جیلوں میں بند قیدیوں کو اضافی اور اسپیشل سہولیات دینے سے روک دیا

وزیراعظم نے جیلوں میں بند قیدیوں کو اضافی اور اسپیشل سہولیات دینے سے روک دیا
July 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں بند قیدیوں ، حوالاتیوں کو اضافی اور اسپیشل سہولیات دینے سے روک دیا۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف کو جیل میں اضافی سہولیات کی فراہمی کے مطالبے پر حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم نے جیلوں میں بند قیدیوں،حوالاتیوں کو اضافی اور خصوصی سہولیات فراہم کرنے سے فوری طور پر منع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ منی لانڈرنگ کیسز میں گرفتار افراد کو بھی اضافی سہولیات فراہم نہ کی جائیں۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ قیدیوں کو اضافی اور خصوصی سہولیات کی فراہمی کے معاملے کی خود مانیٹرنگ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے ایسے قیدیوں اور حوالاتیوں کو دی جانے والی سہولیات کی تفصیل طلب کر لی ہے۔ جیل میں قیدیوں کو دی جانے والی اضافی سہولیات میں بیڈ، اخبار، اے سی، برتن اور گھر کا کھانا بھی شامل ہے۔ مریم نواز نے جیل میں نوازشریف کو گھر کا کھانا اور دیگر اضافی سہولیات فراہم کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔