Monday, May 6, 2024

وزیراعظم نے انسانی ہمدردی پر نوازشریف کو بیرون ملک لے جانے کی اجازت دی، فردوس عاشق

وزیراعظم نے انسانی ہمدردی پر نوازشریف کو بیرون ملک لے جانے کی اجازت دی، فردوس عاشق
November 12, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کو بیرون ملک لے جانے کی اجازت کا فیصلہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سکیورٹی، شورٹی اور گارنٹی کی یقین دہانی کرائی جائے تو حکومت باہر جانے میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے کہا تحقیق کرائی ہے ، رپورٹس کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا، نوازشریف واقعی بیمار ہیں۔ اجلاس میں اکثریت نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی حمایت کی۔ حکومت سمجھتی ہے نوازشریف کو علاج کی بہترین سہولیات ملنی چاہئیں۔ شہبازشریف نے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا آج ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔ رپورٹ پر کابینہ کو خدشات تھے۔ وزیراعظم تمام ساتھیوں کی رائے سن کر فیصلے کرتے ہیں۔ اجلاس میں  دوطرح کی رائے سامنےآئی۔ کچھ نے حمایت کی۔

 معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا میڈیکل بورڈ کے 14 ممبران کی رپورٹ کو کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا۔ اجلاس میں نیب کی رائے کو بھی سامنے رکھا گیا۔ وزیر قانون نے بھی اپنی رائے سب کے سامنے رکھی۔ ساری بحث کے بعد وزیراعظم نے معاملے پر ووٹنگ کرائی۔ اکثریت نے نوازشریف کو باہر جانے دینے کے حق میں ووٹ دیا۔

 فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ایک بات پر سب کے تحفظات تھے، ہم شورٹی بانڈ اور عدالتی جرمانے کے حوالے سے قانونی طور پر انہیں بانڈ کرنا چاہئے۔ ہم انہیں ٹائم کے حوالے سے بھی بانڈ کرنا چاہتے تھے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا غلام سرور خان نے بتایا کہ وہ مٹر کاشت کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ مارکیٹ میں 5 روپے کلو مٹر دے رہے ہیں۔ وہ ہی مٹر بازار میں 100 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ پیاز، ٹماٹر وغیرہ بھارت سے امپورٹ ہوتا تھا۔ پیاز اور ٹماٹر وغیرہ کا منڈیوں میں ذخیرہ رہتا تھا۔ پابندی لگی تو مارکیٹ میں ان اشیا کی کمی واقع ہوئی۔

 انہوں نے کہا وزیراعظم نے اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان چیزوں کی مارکیٹوں میں کمی واقع نہ ہو۔ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ غریب یا مڈل کلاس عوام کو کسی پریشانی کا سامنا ہو۔ مسائل کا تدارک کیاجا رہا ہے،خوشی کے دن آنے والے ہیں۔