Friday, March 29, 2024

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر شہباز شریف کو خود خط لکھ دیا

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر شہباز شریف کو خود خط لکھ دیا
April 2, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر شہباز شریف کو خود خط لکھ دیا اور مشاورتی عمل میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

 وزیراعظم عمران خان کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے 26 مارچ کا خط تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔ خط بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کی نیت سے لکھا گیا۔

 وزیراعظم نے کہا اس خط کے ذریعے زور دیتا ہوں کہ مشاورتی عمل کا حصہ بنیں۔ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری مشاورت نہ ہونے کے باعث اب تک نہ ہو سکی۔ مشاورت نہ کرنے کی صورت میں اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے خط میں پہلے سے تجویز کردہ ناموں کو دہرا دیا۔

 وزیراعظم نے کہا ہے خط کے جواب میں تحریری طور پر آپ بھی ارکان کیلیے نام نامزد کریں۔ عدم تعاون کی صورت میں آئینی طریقہ کار پر عمل کریں گے۔

وزیراعظم کے خط میں کئی عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ کہتے ہیں بحیثیت وزیراعظم تمام اسامیاں آئینی انداز میں پُر کرنے کیلئے پر عزم ہوں۔

 حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے مشاورت کیلیے خط لکھا گیا۔ سیکرٹری کی طرف سے لکھا گیا خط بھی آئین کی روح کے منافی نہیں تھا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو بھی تحریری طور پر مشاورتی عمل میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

 کہتے ہیں مشاورتی عمل میں حصہ نہ لیا تو مجھ سمیت قوم یہ سمجھے گی کہ آپ مشاورت سے بھاگ رہے ہیں۔ مشاورت نہ کرنے کی صورت میں اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔