Thursday, May 2, 2024

وزیراعظم نے القادر یونیورسٹی برائے صوفی ازم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم نے القادر یونیورسٹی برائے صوفی ازم کا سنگ بنیاد رکھ دیا
May 5, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے آج ضلع جہلم میں سوہاوہ کے مقام پر القادر یونیورسٹی برائے صوفی ازم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے القادر یونیورسٹی سوہاوہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ القادر یونیورسٹی نوجوانوں کو جدید تعلیم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر پیش کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انیس سو اکہتر میں نظریہ کمزور ہوا تو ملک ٹوٹ گیا،ہم نے لوگوں کو انصاف نہیں دیا اس لئے ملک ٹوٹ گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا،بلوچستان اوراندرون سندھ میں لوگوں کی حالت بہت خراب ہے،یہ وہ پاکستان نہیں جو بننا چاہئے تھا۔ اس سے قبل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون سید ذوالفقار بخاری نے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سوہاوہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی طلباء کو اسلامی اور سائنسی تعلیم فراہم کریگی جس سے انہیں اخلاقی، روشن خیال اور روحانی لحاظ سے ایک مکمل انسان بننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی قائم کرنے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے وزیراعظم کے خواب کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اس جامعہ میں صوفی ازم پر توجہ کے ساتھ مذاہب کی عصر حاضر کی تعلیم سمیت سائنس اور ٹیکنالوجی پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔