Friday, March 29, 2024

وزیراعظم خوفزدہ ہیں کہ حکومت گر جائیگی، بلاول ، ایوان میں تقریر کریں ، خورشید ‏شاہ

وزیراعظم خوفزدہ ہیں کہ حکومت گر جائیگی، بلاول ، ایوان میں تقریر کریں ، خورشید ‏شاہ
June 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے گزشتہ دس سال کے دوران لیے گئے قرض  کی انکوائری کرانےکے اعلان پر پیپلزپارٹی سیخ پا ہو گئی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے رد عمل دیا کہ وزیراعظم خوفزدہ ہیں ان کی حکومت گر جائے گی، خورشید شاہ بولے قائد ایوان ہیں، ایوان میں تقریر کرنے کی ہمت کریں۔ وزیراعظم نے گزشتہ دس سال کے دوران لوٹ مار کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا  بڑا اعلان  کر دیا جو کہ  پیپلزپارٹی کو ہضم نہ ہوا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ٹویٹ داغا کہ وزیراعظم نے آدھی رات کو گھبراہٹ میں خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ معاشی خودکشی ہے،منظور نہیں ہونے دیں گے، عمران خان خوفزدہ ہیں ان کی حکومت گر جائے گی۔

چوبیس ہزار ارب کا قرض کیسے چڑھا،وزیراعظم کاانکوائری کمیشن کا اعلان

پیپلزپارتی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا کہ دوسروں سے قرض  کا حساب لینے والے اپنی حکومت میں لئے قرض،معاشی بدحالی، مہنگائی اور بےروزگاری کا حساب کب دیں گے، آدھی رات کو الزام تراشی محض مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو علیمہ خان، جہانگیر ترین، پرویز خٹک کی کرپشن کیوں نہیں بتاتے، کیا اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں ہی  احتساب  ہے۔ دوسری جانب عوام نے وزیر اعظم کے ہائی پورڈ کمیشن کے قیام کو اچھا اقدام قرار دے دیا۔ شہریوں نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسانے والوں کا احتساب ہونا  چاہئے ، صرف کمیشن بننا ہی نہیں ذمہ داروں کو سزا بھی ہو اور لوٹاہوا پیسہ بھی  خزانے میں جمع کرایا جائے ۔