Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم نوازشریف کیلئے کویت کے بایان پیلس میں استقبالیہ

وزیراعظم نوازشریف کیلئے کویت کے بایان پیلس میں استقبالیہ
March 7, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف کو کویت کے بایان پیلس میں استقبالیہ دیا گیا۔ کویتی وزیراعظم شیخ جابر المبارک نے اپنے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

بعدازاں وزیراعظم شیخ جابر المبارک الحمد الصباح سے ملاقات اور دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کویت میں مقیم ایک لاکھ چودہ ہزار پاکستانی دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت ایک لمبے عرصے سے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہیں۔ پاکستان تمام شعبوں میں کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن، اقتصادی شعبے میں دوطرفہ تعاون کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ باہمی تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے نجی شعبے کے درمیان قریبی رابطوں سے تجارت کو فروغ اور تجارتی عدم توازن کو کم کیا جا سکتا ہے۔