Friday, April 19, 2024

وزیراعظم نوازشریف کی کرغزستانی ہم منصب سے ملاقات، انسداد منشیات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کے معاہدات پر دستخط

وزیراعظم نوازشریف کی کرغزستانی ہم منصب سے ملاقات، انسداد منشیات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کے معاہدات پر دستخط
May 21, 2015
بشکیک (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف ترکمانستان کا دورہ مکمل کرکے کرغزستان کے دورے پر دارالحکومت پہنچ گئے۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ وفاقی وزراءخرم دستگیر، خواجہ آصف، وزیرمملکت جام کمال، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمنائی بھی ہیں۔ ایئرپورٹ پر کرغزستان کے وزیراعظم الماز بیگ عطام بائیف اور کابینہ کے ارکان نے نوازشریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبالیہ تقریب میں وزیراعظم نوازشریف کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ بعدازاں وزیراعظم نوازشریف نے اپنے کرغزستانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں معیشت، تجارت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت نوازشریف جبکہ کرغزستان کے وفد کی کی سربراہی وزیراعظم عطام بائیف نے کی۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے جن میں انسداد منشیات کیلئے تعاون کا معاہدہ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کا معاہدہ شامل ہیں۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کرغزستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کو سراہتے ہیں، ترقی کےلئے کرغزستان کے عوام کی پختہ سوچ قابل ستائش ہے، دونوں ملک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کےلئے کوشاں ہیں، دونوں ملک مشترکہ ثقافتی اور مذہبی ورثے کے حامل ہیں، ہمیں دوستی کے رشتے کو سٹریٹجک تعاون میں بدلنا ہو گا، دونوں ملکوں کے سیاسی اور دفاعی شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانا ہو گا، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔