Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب‘ آئی سی یو میں منتقل

وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب‘ آئی سی یو میں منتقل
May 31, 2016
لندن (ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کے دل کا آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے اور انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اللہ کے کرم سے ان کے والد کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب ہوئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کی صحت کیلئے دعا کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ قبل ازیں ان کا کہنا تھا کہ قوم کی طرف سے کی گئیں دعائیں معجزانہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ وہ اپنے والد کی سرجری کے دوران قوم کو ان کی صحت کے حوالے سے باخبر رکھنے کے لیے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتی رہیں۔ جب آپریشن شروع ہوا تو انہوں نے فوراً ٹویٹ کی کہ آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ دل کی شریانوں کی کامیاب پیوندکاری کے بعد بھی انہوں نے فوری آگاہ کیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی صحت کیلئے نہ صرف پاکستانی دعا گو ہیں بلکہ بیرون ممالک سے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی صحت کے لیے دعا کرنے والوں میں ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن بھی شامل ہیں۔ طبی ماہرین کا کہناہے کہ سرجری کے بعد وزیر اعظم کو معمول کی مصروفیات شروع کرنے میں چار سے چھ ہفتے لگنے کا امکان ہے۔