Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم نوازشریف کا ملائیشین اور نارویجن ہم منصب کو ٹیلیفون، ملائیشین سفیر کی اہلیہ اور نارویجن سفیر کی ہلاکت پر اظہار افسوس

وزیراعظم نوازشریف کا ملائیشین اور نارویجن ہم منصب کو ٹیلیفون، ملائیشین سفیر کی اہلیہ اور نارویجن سفیر کی ہلاکت پر اظہار افسوس
May 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو ٹیلیفون کر کے پاکستان میں تعینات سفیر کی اہلیہ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو شری مہود نجیب سے پاکستان میں ملائیشیا کے سفیر کی اہلیہ میڈم دتن حبیبہ بنتی محمود کے انتقال پاکستانی عوامی کی طرف سے ملائیشیا کی عوام اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے نلتر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا اور بتایا کہ حادثہ نلتر کے معمول کے دورے کے دوران پیش آیا، میں خود بھی نلتر میں ان تمام معزز مہمانوں کے ساتھ جا رہا تھا جب المناک خبر موصول ہوئی۔ انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ معزز مہمانوں کو لے جانے والے چار میں سے ایک ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے سات قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جن میں سے ایک میڈم حبیبہ بنتی محمود بھی تھیں، میڈم حبیبہ ایک بہت اچھی انسان تھیں، حبیبہ نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردارادا کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ناروے کی وزیراعظم ارنا سولبرگ کو بھی ٹیلیفون کرکے تعزیت کی۔ ترجمان وزیراعظم ہاو¿س کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ناروے کی ہم منصب ارنا سولبرگ کوٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روزگلگت کے علاقے نلترمیں ہیلی کاپٹرحادثے میں پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیرکی وفات پردکھ کا اظہارکیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ نلترپرپوری پاکستانی قوم سوگوار ہے۔ وزیراعظم نے ناروے کے سفیرکی وفات پرپوری قوم کی طرف سے اظہارہمدردی اورتعزیت کی۔