Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی

وزیراعظم نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی
June 7, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کےلئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں چودھری نثار، سرتاج عزیزاور طارق فاطمی شامل ہیں۔ سوشل میڈیا سمیت ہر عوامی فورم میں پاکستان کی خاموشی پر آواز بلند کی گئی تو چودھری نثار نے روہنگیا کے مسلمانوں کی حمایت میں بیانات داغ دیئے۔ چودھری نثار نے کہا مسلم امہ بھی خاموش ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ظلم و ستم برداشت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر حکومت پہلے کیوں خاموش رہی۔ روہنگیا مسلمان بقا کی جنگ لڑتے رہے، لاشیں گرتی رہیں، بچے والدین سے محروم رہتے رہے مگر کسی نے بھی آواز بلند نہ کی۔ حکومت کو بالآخرخیال آہی گیا۔ وزیر اعظم نے اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی جس میں چودھری نثار علی خان، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی شامل ہیں۔ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں کے مسائل اور ان کے حل کےلئے پاکستانی کردار کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ چودھری نثار نے لب کشائی کی تو کہہ دیا عالمی دنیا ، تنظیموں اور مسلم امہ کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون کی تنظیم، اسلامی دنیا اور دیگر طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر اپنی آنکھیں بند نہ کریں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دفتر خارجہ جو حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے رحم و کرم پر چلتا ہے پہلے کیوں نہ آواز اٹھا سکا۔ عوامی حلقے کہتے ہیں چودھری نثار صاحب !یہ ضروری تو نہیں کہ جب سوشل میڈیا پر آواز اٹھے تو تب ہی آپ بیانات داغیں۔ چودھری نثار نے امت مسلمہ کی خاموشی پر تنقید کی تو یہ بھی بتا دیں پاکستان کیا اس امت مسلمہ کا حصہ نہیں۔