Wednesday, May 1, 2024

وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کیلئے لندن چلے گئے

وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کیلئے لندن چلے گئے
May 22, 2016
لاہور (92نیوز) وزیراعظم میاں نواز شریف طبی معائنے کے لیے لندن روانہ ہو گئے۔ وہ پانچ روز تک قیام کے بعد چھبیس مئی کو وطن واپس پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف رائیونڈ سے لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے ان کو رخصت کیا۔ روانگی سے پہلے دونوں کے درمیان مختلف امور پر مشاورت بھی ہوئی۔ وزیراعظم کے ساتھ ان کی اہلیہ کلثوم نواز بھی لندن گئی ہیں۔ میاں نوازشریف نے گزشتہ ماہ بھی لندن میں اپنا طبی معائنہ کروایا تھا جس میں ڈاکٹروں نے ان کے دل کے حوالے سے تفصیلی میڈیکل ٹیسٹ لیے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو جلاوطنی کے دور سے دل کا عارضہ لاحق ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر انہیں چیک اپ کے لیے لندن جانا پڑتا ہے۔ ذرائع کے مطابق لندن قیام کے دوران وزیراعظم طبی معائنے کے علاوہ نجی ملاقاتیں بھی کریں گے۔