Friday, May 3, 2024

وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ سرکاری دورے پر آج ناروے روانہ ہونگیں، بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کا امکان

وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ سرکاری دورے پر آج ناروے روانہ ہونگیں، بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کا امکان
July 6, 2015
وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ سرکاری دورے پر آج ناروے روانہ ہوں گے جس کے بعد وہ روس جائیں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم نوازشریف اپنے ہم منصب کی دعوت پر آج ایک روزہ سرکاری دورے پر ناروے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کا ناروے کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دوران وہ ناروے کے وزیراعظم سے ملاقات کرینگے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہو گی۔ وزیراعظم نوازشریف اوسلو میں تعلیم کے موضوع  پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب اور مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف آٹھ جولائی کو روس کے دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ روس کے سیاحتی مقام اوفا میں ہونے والی سربراہ کانفرنس میں پاکستان کو مستقل رکنیت بھی دئیے جانے کا امکان ہے۔ روس نے شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف چین اور روس کے صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کر رہے ہیں جہاں دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کا بھی امکان ہے۔ بھارت پر بڑھتی ہوئی عالمی تنقید کے بع دبھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات پر مجبور نظر آنے لگے ہیں اور بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی جانب سے تو دونوں رہنماؤں کی دس جولائی کو ہونے والی ملاقات کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعظم رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے علاوہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف عیدالفطر بھی سعودی عرب میں منائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نواز شریف ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ جائیں گے جہاں وہ جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ نوازشریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملالہ یوسفزئی سے ملاقات بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیراعظم امریکی صدر باراک اوباما کی دعوت پر اکتوبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔