Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم نوازشریف اور صدر ترکمانستان میں ملاقات، دونوں ممالک میں اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں: صدر قربان محمدووف

وزیراعظم نوازشریف اور صدر ترکمانستان میں ملاقات، دونوں ممالک میں اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں: صدر قربان محمدووف
May 20, 2015
اشک آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف ترکمانستان کے دورے پر اشک آباد پہنچے تو ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کے اعزاز میں آزادی اسکوائرمیں استقبالیہ تقریب ہوئی جس میں ترکمانستان کے صدارتی گارڈز نے وزیراعظم کوگارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ استقبالیہ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ استقبالیہ تقریب کے بعد وزیراعظم نوازشریف اور صدر ترکمانستان قربان محمدووف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے مثال ترقی پر ترکمانستان کے صدر مبارکباد کے مستحق ہیں، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے، تجارتی حجم میں اضافہ اور خطے کے ملکوں میں رابطوں کو مربوط بنانا ہماری ترجیح ہے۔ ترکمانستان کے صدر قربان محمدووف نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ ترکمانستان پر شکرگزار ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، خطے میں امن و استحکام کےلئے دونوں ملکوں کے خیالات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے جبکہ عالمی امور پر بھی دونوں ملک یکساں موقف رکھتے ہیں۔ صدر ترکمانستان نے کہا کہ زراعت، ٹرانسپورٹ اور ٹیلی مواصلات میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ملکوں میں عوامی رابطوں اور ثقافتی شعبوں میں وفود کا تبادلہ ہونا چاہئے، تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون کے مواقع ہیں۔