Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم نااہلی کیس: الیکشن کمیشن نے سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی

وزیراعظم نااہلی کیس: الیکشن کمیشن نے سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی
September 6, 2016
اسلام آباد (92 نیوز) – وزیراعظم نے نااہلی کیسز کے میں دفاع کے لئے سابق اٹارنی جنرل سلمان بٹ کو اپنا وکیل مقرر کر دیا۔ سلمان بٹ نے الیکشن کمیشن سے 28ستمبر تک جواب داخل کرانے کی مہلت مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست بھی باضابطہ سماعت کےلئے منظور کرلی۔ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی نااہلی کےلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرخزانہ اسحق ڈار کی جانب سے سلمان بٹ پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے حامد خان سے کہا کہ آپ کہتے ہیں الیکشن کمیشن کو اکبر ایس بابر کے پارٹی فنڈز سے متعلق کیس سننے کا اختیار نہیں جبکہ اس کیس میں آپ کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن سماعت کرسکتا ہے۔ حامد خان کا کہنا تھا کہ یہ دو مختلف نوعیت کے مقدمات ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سماعت 28ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ کو 28 ستمبر سے قبل جواب دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار شاہنواز ڈھلوں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کاموقف تھا کہ عمران خان نے آف شور کمپنی بنائی مگر حقائق چھپائے۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے درخواست باضابطہ سماعت کے لئے منظور کرلی اور عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 ستمبر تک جواب دائر کرنے کی ہدایت کردی۔