Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم مغربی روٹ کی تعمیر اور مراعات دینے کا وعدہ پوراکریں : پرویز خٹک

 وزیراعظم مغربی روٹ کی تعمیر اور مراعات دینے کا وعدہ پوراکریں : پرویز خٹک
November 27, 2016

 لاہور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی سی پیک کے خلاف نہیں لیکن وزیراعظم مغربی روٹس کی تعمیر اور اس کی مراعات دینے کا وعدہ پورا کریں۔  پرویزخٹک نے کہا کہ اگر سی پیک کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے لاہور میں مصروف ترین دن گزارا  پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعجازچودھری کے گھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کے ساتھ سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ وہ اپنا وعدہ بھول گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں ۔ انہیں روس سمیت کسی بھی ملک کی طرف سے گوا در بندرگاہ کے ذریعے تجارت کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے پی ٹی آئی پروفیشنل ونگ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بہت سے میگا پراجیکٹس کا ذکر ملتا ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ پولیس میں بہتری، صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور عام آدمی کو زندگی کی سہولتیں دینا ہی سب سے بڑا میگا پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں مغلیہ دور حکومت ہے۔ تقریب میں  اسپیکر کے پی اسمبلی  اسد قیصر اور صوبائی وزراء نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بہت سی اصلاحات کی گئی ہیں جس سے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔