Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم محمد نواز شریف سے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی ملاقات، بیلاروس کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم محمد نواز شریف سے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی ملاقات، بیلاروس کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں: وزیراعظم
May 29, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو آج پاکستان کے دورے پر ایوان وزیراعظم پہنچے۔ بیلاروس کے کسی بھی سربراہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ان کی ایوان وزیراعظم آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کی آمد پر ان کا شکرگزار ہوں۔ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کا مہمان صدر سے تعارف کرایا۔ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو ایوان وزیراعظم پہنچے تو شاندار استقبال کیا گیا اور دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔ مسلح افواج نے مرکزی دروازے پر صدر الیگزینڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بیلا روس کے صدر نے گارڈ آف آنز کا معائنہ کیا اور شاندار استقبال پر وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مہمان صدر سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب بھی ہوئی جس میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور بیلاروس کے صدر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ پاکستان اور بیلا روس کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کہا کہ بیلاروس سے تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ دفاع، تجارت اور معیشت میں تعاون ترجیحات میں شامل ہیں۔ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی میں تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا، وزیر دفاعی پیداوار اور رانا تنویر حسین نے مفاہمت کی یاداشت کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیلا روس کے صدر کیساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اصلاحات کو جمہوری اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ عالمی تنظیموں میں مؤثر کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا بیلاروس کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی اور خوش آمدید کہنے پر شکرگزار ہوں اور کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا بیلا روس کا دورہ بہت اہم ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔