Tuesday, April 16, 2024

وزیراعظم عوام کے پیسے کا رکھوالا ہوتا ہے :  عمران خان

وزیراعظم عوام کے پیسے کا رکھوالا ہوتا ہے :  عمران خان
January 10, 2017
اسلام آباد(92نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ وزیراعظم عوام کے پیسے کا رکھوالا ہوتا ہے۔ نوازشریف پرتو کرپشن کا کیس ہے۔ عوام کیسے اعتبار کریں۔آرٹیکل 62 اور 63  پر اگرعمران خان  بھی پورا نہیں آتا تو اسے بھی چلے  جانا چاہیے۔ تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد بنی گالہ میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیاسے گفتگومیں عمران خان کا کہناتھا کہ پا نامہ سکینڈل میں نوازشریف کے خاندان کا نام آیا ہے ہم ان سے جواب مانگ رہے ہیں۔ کپتان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے تسلیم کیا ہے کہ  پراپرٹی ان کے بچوں کے نام پرہے۔انھوں نے جو باتیں پارلیمنٹ  میں کیں ، سپریم کورٹ میں اس سے مختلف ہیں جب تک طاقتور ڈاکو کا احتساب نہیں ہو گا ،ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ یہ کہنا کہ  سارے چلے جایئں گے چھوٹی چیز نہیں اچھا ہے کوئی پارلیمنٹرینز بچے نہ بچے پاکستان تو بچے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل62 ، 63 پر عمران خان بھی  فٹ نہیں آتا تو وہ بھی چلا جانا چاہیے۔