Saturday, May 11, 2024

وزیراعظم عمران خان کے افغانستان کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے رابطے

وزیراعظم عمران خان کے افغانستان کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے رابطے
August 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے افغانستان کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔

وزیراعظم اور ترک صدر میں دوبارہ رابطہ  ہوا۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔ برطانیہ اور ڈنمارک کے وزرائے اعظم کے ساتھ بھی وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ عمران خان سے جرمن چانسلر کا بھی رابطہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے اعظم نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا تمام افغانوں کے تحفظ ، سلامتی اور حقوق کا احترام یقینی بنانا انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے افغانستان سے سفارتی ، بین الاقوامی اداروں کے عملے اور دیگر افراد کے انخلاء میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر رابطہ میں رہنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی کورونا پرقابو پانے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا متعلقہ ڈیٹا برطانیہ کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔ برطانیہ سے پاکستان کوریڈ لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا  پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے۔ افغانیوں کی سیکیورٹی اور ان کے حقوق کا تحفظ سب سے اہم ہے ۔ افغان تنازعے کا بہترین حل سیاسی ہے۔ پاکستان تمام افغان قیادت سے رابطے میں ہے۔ عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی معاشی حالت میں بہتری کے لیے رابطے میں رہنا چاہئے۔ پاکستان افغانستان سے سفارتکاروں، عالمی اداروں کے نمائندگان کی واپسی کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پاک جرمنی دو طرفہ اعلیٰ سطحی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں جرمنی سے تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔