Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست خارج

وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست خارج
October 18, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست خارج کر دی۔ عمران خان کی نا اہلی کے لیے لیگی رہنما حنیف عباسی نے نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔ چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ سے نظر ثانی درخواست خارج کی۔ دوران سماعت وکیل حنیف عباسی اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان بطور بینیفشل مالک نیازی سروسز ظاہر کرنے کے پابند تھے۔ عمران خان نے نیازی سروسز کے اکاونٹس مکمل ظاہر نہیں کیے۔ وکیل اکرم شیخ نے کہا عمران خان نے بیان حلفی واپس لینے کی بھی استدعا کی۔ عدالت اس پہلو پر واضح فیصلہ دے چکی ہے۔ وکیل اکرم شیخ نے کہا نواز شریف اور عمران خان کے لیے الگ الگ معیار مقرر کیے گئے۔ پیمانہ عدل یکساں ہو تو کوئی شکوہ نہیں۔ کیس میں راشد خان کو نیازی سروسز کی طرح سامنے لایا گیا۔ راشد خان کو لانے کا مقصد جمائما اور عمران خان کو چھپانا تھا۔ 2002 کے کاغذات نامزدگی میں جمائما کے اثاثے ظاہر نہیں کیے گئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بیان حلفی واپس لینے کی استدعا اس انداز میں نہیں تھی جس میں آپ کہہ رہے ہیں۔ پاناما اور اس کیس کا موازنہ درست نہیں ۔ ہر کیس کے اپنے حقائق ہوتے ہیں۔ فیصلہ سوچ سمجھ کر قانون کے مطابق دیا۔