Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف فتح پر مبارکباد

وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف فتح پر مبارکباد
June 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف فتح پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے افغان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا افغانستان ٹیم نے پاکستان اور بھارت سے میچ جینتے کیلئے بھرپور کوشش کی۔ ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 میں افغان ٹیم کے خلاف کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا افغان ٹیم نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور اس ورلڈکپ میں ایک اہم ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستانی باؤلرز خصوصی شاباش کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ابتداء سے ہی افغان ٹیم کو ٹف ٹائم دیا اور کپتان سمیت اہم کھلاڑیوں کو وکٹ پر جمنے نہیں دیا ۔ آج کے کھیل سے قوم کو ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستانی ٹیم سے  اچھی امید پیدا ہوئی ہے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی بولے اگلے میچز خصوصاً بنگلہ دیش کے خلاف میچ انتہائی اہم ہو گا ۔ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دوسری طرف وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کہا آج کے میچ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے زیادہ قوم کی دعائیں شامل تھیں۔ عماد وسیم نے مشکل حالات میں اچھا پرفارم کیا۔ انہوں نے کہا فائٹنگ اسپرٹ کا جذبہ برقرار رہنا چاہیے۔ امید ہے پاکستان کے آگے بڑھنے کا سفر جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بھی افغانستان کے خلاف میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا جذبہ اور ٹیم ورک قابل تعریف رہا۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، پاکستانی کھلاڑیوں نے اسی عزم کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کی۔ عثمان بزدار بولے افغانستان کو شکست دے کر پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈکپ جیتنے کی امید کو برقرار رکھا ہے۔ شاہین آفریدی نے آ ج بھی بہترین باؤلنگ کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ قوم کھلاڑیوں سے آئندہ بھی ایسی ہی پرفارمنس کی توقع رکھتی ہے۔ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔