Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان کل بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان کل بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے
December 15, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کل بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ عمران خان قومی دن کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہونگے۔

وزیراعظم عمران خان بحرینی نیشنل گارڈز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت کابینہ اراکین اور اعلی حکام پر مشتمل اعلی سطح وزیر اعظم کے وفد کا حصہ ہوں گے ۔ دورہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ مضبوط برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم بحرین کے شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم بحرین کے ولی عہد سلمان بن حماد الخلیفہ سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں حصہ لیں گے۔

 بحرینی قیادت کیساتھ دو طرفہ تعلقات ،علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کو بحرین کا اعلی ترین سول اعزاز "کنگ حماد آرڈر آف دا رینیسنس" سے نوازا جائے گا۔ بحرین کے شاہ حماد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ وزیراعظم کو اعزاز عطا کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کے فوراً بعد 15 دسمبر کو بحرین کا سرکاری دورہ کرنا تھا تاہم امریکی سینیٹر لنزے گراہم کے دورہ پاکستان کے باعث دورے کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کی گئی ۔ وزیراعظم بحرین کے بعد سوئیٹزر لینڈ اور ملائشیاء کا دورہ بھی کریں گے۔