Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم عمران خان کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنا ،ملک میں نئی بحث کا آغاز ہو گیا

وزیراعظم عمران خان کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنا ،ملک میں نئی بحث کا آغاز ہو گیا
August 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے متعلق ملک میں نئی بحث کا آغاز ہو گیا  ، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر صرف پچاس سے پچپن روپے فی کلو میٹر خرچہ آتا ہے جبکہ اعداد و شمار کچھ اور ہی بتا رہے ہیں ۔ وزیراعظم کی کفایت شعاری  سے متعلق ملک بھر میں نئی بحث  کا آغا ز ہو گیا  ، وزیراعظم بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر پر سفر کریں تو کتنا خرچہ آتا ہے ؟ ، اگر وزیراعظم سڑک کے ذریعے وزیراعظم ہاؤس تک کا سفر کریں تو کتنا خرچ آتا ہے ؟، ملک بھر میں اعداد شمار کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا  جبکہ وزیراعظم عمران خان کے لئے مفت مشوروں کا بازار کا بھی گرم ہو گیا ۔ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم کے ایک ہمسائے نے بنی گالا میں کھڑے ایک  اے ڈبلیو 139ہیلی کاپٹر کی تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی  اور لکھا یہ وہ ہیلی ہے جو وزیراعظم کو لانے اور لے جانے کے لئے استعمال ہو رہا ہے ۔ ایک طرف سبق کفایت شعاری کا تو دوسری طرف تھوڑے سے سفر کے لئے ہیلی کاپٹر کے استعمال  پر سولات تو اٹھنے تھے ۔ معاملہ اُٹھا تو وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک نجی ٹی وی  پر کپتان کا دفاع خاصے دلچسپ اعداد و شمار پیش کر کے کیا  اور کہا کہ ہیلی کاپٹر کا خرچ صرف پچاس سے پچپن روپے  فی کلو میٹر ہے۔ فواد چوہدری کے ان اعداد و شمار سے ایک نیا پندورا باکس کھل گیا  ، شاہانہ سواری اور خرچہ اتنا کم ؟  ،  فواد چوہدری کا یہ دعویٰ کہ پچاس سے پچپن روپے  فی کلو میٹر خرچ آتا ہے  مگر اعداد و شمار اس کو تو یکسر غلط ثابت کرتے ہیں ۔ بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک فاصلہ پندرہ کلو میٹر ہے ۔آگسٹا کمپنی کے اس ہیلی کاپٹر  کا فی کلو میٹر خرچہ تقریبا آٹھ سو تریپن روپے ہے ،اسی 15سے ضرب دیں تو یہ خرچہ 12800روپے بنتا ہے۔ تمام اعدادو شمار یہ بتاتے ہیں کہ فواد چوہدری کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے ۔یہی نہیں فواد چوہدری تو یہ بھی کہہ گئے کہ اگر یہ سب برداشت نہیں تو سٹرک پر اٹھنے والی تکالیف کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہو جائیں ۔ اس کے علاوہ عملے ، فضائی حدود  اور آنے جانے کے اخراجات علیحدہ ہیں  ، دوسری طرف اگر یہی سفر ٹیکسی پر کیا جائے  تو خرچہ سینتیس سے چالیس روپے فی کلو میٹر  آئے گا  ، اس سفر کا  ایک اور پہلو بھی ہے  ،ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر اڑے یا نہ اڑے اس کو سٹارٹ کرنے پر ہی ہزاروں کا خرچ آتا ہے ۔ اب جتنا خرچہ فواد چوہدری صاحب بتا رہے ہیں اتنا تو شائد اگر ہیلی کو سی این جی پر اڑا یا جائے  تب بھی نہ آئے تو کیسی کفایت شعاری ہے ؟۔