Friday, March 29, 2024

وزیراعظم عمران خان کا پٹرولیم قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ

وزیراعظم عمران خان کا پٹرولیم قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ
November 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا۔

وزیراعظم نے للہ تا جہلم شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مہنگائی کا سیلاب باہر سے آ رہا ہے۔ تیل کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئیں۔ خدشہ ہے مزید اضافہ ہو گا۔ یہ سب صرف سردیوں تک ہے۔ جانتے ہیں لوگ مشکل میں ہیں۔ انہیں مشکل سے نکالیں گے۔ تحریک انصاف کے دور میں پاکستان میں غربت کم ہوئی۔

 وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ٹیکنالوجی آگے بڑھ رہی ہے۔ حیران ہوں اپوزیشن ٹیکنالوجی کی طرف کیوں نہیں آرہی۔ ساری دنیا میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ووٹنگ ہو رہی ہے تاکہ شفافیت آئے۔ ہماری اپوزیشن شاید مشین سے ڈری ہوئی ہے۔ ٹیکنالوجی کی وجہ سے آج کوئی بھی وزیرجھوٹ نہیں بول سکتا۔ یہ وہ دور ہے جب لوگوں کو بڑے آرام سے پتہ چل جائے گا کہ کس نے کیا کام کیا۔ موبائل پر آسانی سے پتہ چلایا جا سکتا ہے کہ جب ہماری حکومت آئی تو ملک کے کیا حالات تھے۔ ہماری حکومت نے اس وقت ملک کو سنبھالا جب سب سے زیادہ برے حالات تھے۔ جیسے جیسے حالات بہتر ہوں گے ہم ملک میں لانگ ٹرم ڈویلپمنٹ کا سوچیں گے۔

ادھر وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کے کسی منصوبے میں کمیشن ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ سابق دور میں موٹروے کے تمام منصوبے کمیشن کیلئے بنائے گئے۔ تین سال میں للہ سے جہلم تک سڑک تعمیر کی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بولے اس منصوبے سے علاقے میں ترقی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ سڑک کی تعمیر پر بیاسی ارب روپے کی لاگت آئے گی۔