Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم عمران خان کا غریبوں کو مفت راشن دینے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کا غریبوں کو مفت راشن دینے کا اعلان
February 8, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ دے سکے تو اقتدار میں رہنے کا حق نہیں، صادق آباد اور فیصل آباد میں گوداموں پر چھاپوں کے دوران چینی کی9ہزار سے زائد بوریاں پکڑی گئیں جبکہ مسلم لیگ ن نے جہانگیر ترین اورخسرو بختیار کی آٹا اور چینی ملز کی تلاشی کا مطالبہ کردیا۔ مہنگائی نے غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی چھین لی، عوام کی چیخیں نکلیں تو حکومت کوہوش آگیا،وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کا اجلاس بلالیا،اشیائے خورونوش کی سستے داموں  فراہمی پر غور کیا گیا، اجلاس میں حفیظ شیخ، حماد اظہر،جہانگیر ترین،شہباز گل، ثانیہ نشتر، علی زیدی اور چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹور شریک ہوئے۔ اجلاس میں آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کچھ بھی کریں عوام کو ریلیف دیں، عوامی ریلیف کیلئے کچھ بھی کرنا پڑے کریں گے، قیمتوں میں کمی کے لئےہر حد تک جائیں گے، عام آدمی کے کچن میں بنیادی اشیاء ہر حال میں پہنچائیں۔ عمران خان نے کہا جن لوگوں میں اشیائے خورونوش خریدنے کی سکت نہیں انہیں حکومت راشن دے گی، احساس پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کو راشن دیں، غریب کا احساس نہیں کر سکتے تو حکومت میں رہنے کا حق نہیں، وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کسی بھی چیز کے پیسے کاٹیں مگر غریب کو سہولت دیں۔ وزیراعظم نےکہا غریب کی بہتری کیلئے ہی حکومت میں آئے ہیں،ملک میں مہنگائی سابقہ حکومت کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے، ذخیرہ اندوزوں نے معاملات خراب کئے، اس موقع پر بریفنگ دی گئی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل میں800فیصد اضافہ ہوا، عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین کی کارکردگی کو سراہا۔ دوسری طرف فیصل آباد میں کوکیانوالہ روڈ اور جج والا میں چینی کے گوداموں پر اسسٹنٹ کمشنر نے چھاپہ ماکر ذخیرہ شدہ چینی کے8ہزار تھیلے برآمد کرلئے جبکہ صادق آباد میں شہباز پور چوک پر کھاد کے اسٹور پر اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے کے دوران1200بوری چینی پکڑی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کی حکمت عملی پرغور ہوا،ماہ رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی رہنمامریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ جہانگیرترین اورخسروبختیار کی آٹا اورچینی ملز کی تلاشی لی جائے، انہوں نےمزید کہاعمران خان ملک پر مسلط آٹا، چینی چور اور مہنگائی مافیا کی سربراہی کر رہے ہیں،عوام کو بتایا جائے ایک سال میں13 ہزار ارب کا قرضہ کس کی جیب میں گیا؟۔