Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم عمران خان کا غربت کے خاتمے کیلئے نئی وزارت کے قیام کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کا غربت کے خاتمے کیلئے نئی وزارت کے قیام کا اعلان
March 27, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کیلئے نئی وزارت کے قیام کا اعلان کر دیا اور کہا ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے جہاد کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا غربت مٹاؤ پروگرام ’’احساس اور کفالت‘‘شروع کر دیا۔ اسلام آباد میں کنونشن سنٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا پروگرام کیلئے 80 ارب روپے کی رقم مختص کر دی۔ 57 لاکھ خواتین کو امداد دی جائیگی۔ پسماندہ علاقوں کے بچوں کیلئے تعلیمی گرانٹس، غریب لوگوں کو قانونی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔

عمران خان نے کہا پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں بیواؤں، یتیموں، بزرگوں، خواجہ سراؤں کی مالی مدد ہو گی۔ انہوں نے کہا کامیابی یا ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہمارے ذمہ صرف کوشش ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا معذوروں کو خصوصی پیکجز دیئے جائیں گے۔ ۔۔ ملک بھرکے نوجوانوں کیلئے 200 ارب روپے کی قرضہ اسکیم کا اعلان بھی کر دیا جس کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ سے اڑھائی کروڑ تک قرضہ دیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا غربت کے خاتمے کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع ہو گا۔ دیہی خواتین کی مدد کیلئے بکریاں اور مرغیاں فراہم کریں گے، پسماندہ علاقوں کے بچوں کیلئے تعلیمی گرانٹس، غریب لوگوں کو قانونی امداد بھی دیں گے۔

 وزیراعظم نے کہا غذائی پروگرام کیلئے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں نیوٹریشن آفس بنایا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا ہے 75 فیصد کھلا دودھ پینے کے قابل نہیں، ایک شہر میں لوگ دودھ سمجھ کر بچوں کو سرف پلا رہے تھے، حلال گوشت کی برآمد بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا بولے جمہوریت میں قوم سے بدلہ لیا گیا، پرانے قرضوں پر روزانہ 6 ارب روپے سود دے رہے ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا بیت المال آئندہ 4 سال میں 10 ہزار یتیم بچوں کیلئے ہومز بنائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کسی شیلٹر ہوم پر حکومت کا پیسہ خرچ نہیں ہورہا، خانہ بدوشوں اور خواجہ سراؤں کی بھی مدد کریں گے۔ ڈیلی ویجز کیلئے تحفظ پروگرام کے تحت کام کریں گے۔ امید ہے تیل اور گیس کی دریافت کے متعلق بڑی خوشخبری ملے گی۔