Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم عمران خان کا ریکودک معاملے پر تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی ہدایات

وزیراعظم عمران خان کا ریکودک معاملے پر تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی ہدایات
July 14, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ریکودک معاملے پر تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی ہدایات جاری کردیں ۔ ذرائع کے مطابق ریکودک معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کیلئے اٹارنی جنرل کو ہدایات دے دیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ کمیشن ریکودک معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور منصوبہ سبوتاژ کرنے والوں کا تعین کیا جائے ۔ جن عناصر نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اُن کیخلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بین الاقوامی ٹربیونل کے فیصلے کے بعد وفاقی اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے باہمی مشاورت کا آغاز بھی کر دیا ہے اور مناسب وقت پر ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ قبل ازیں عالمی بینک کے تحت قائم بین الاقوامی ٹربیونل نے 12 جولائی 2019 کو ریکودک کیس میں 700 صفحات پر مشتمل فیصلے میں پاکستان پر 5.9 ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ 2012ء میں ٹیتھیان کاپر کمپنی نے بین الاقوامی ٹربیونل میں پاکستان پر 11 ارب 43 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا جس کے 7 سال بعد ٹربیونل نے فیصلہ سنایا ہے۔