Friday, May 10, 2024

وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی، اہم ملاقاتوں سمیت مصروف دن گزارا

وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی، اہم ملاقاتوں سمیت مصروف دن گزارا
December 27, 2019
کراچی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی میں اہم ملاقاتوں سمیت مصروف دن گزارا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے حالات بہتری کی امید سنائی اور یہ بھی کہہ دیا کہ وہ 2023 تک عوام کو یاد کراتے رہیں گے کہ انہیں ملک کن حالات میں ملا تھا۔ وزیر اعظم عمران سے ملاقات میں کراچی کی تاجر برادری پھٹ پڑی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ آپ کی معاشی ٹیم آپ کے احکامات پر عمل نہیں کرتی۔ سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی وجہ سے کراچی کی صنعتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ ایف بی آر کا رویہ پہلے کی طرح تاجر دشمن ہے۔ وزیر اعظم  عمران خان نے تاجر برادری کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی۔ عمران خان نے گورنر سندھ کو تاجروں سے رابطے بہتر کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا مشکل وقت گزر چکا ہے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا نظام ٹھیک کریں گے۔ پانی اور گیس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم اور گورنر سندھ کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو وفاق کے زیر انتظام منصوبوں پر بریفنگ دی۔ سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی  تبادلہ خیال ہوا۔ اتحادیوں کے تحفظات سننے کیلئے عمران اسماعیل، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین نے ملاقاتیں کیں۔ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے حکمران جماعت کے نمائندوں سے ملاقات کر کے تحفظات سے آگاہ کیا۔