Friday, May 10, 2024

وزیراعظم عمران خان کا دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا گیا

وزیراعظم عمران خان کا دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا گیا
December 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا گیا۔ ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کو دورہ کی منسوخی سے متعلق آگاہ کردیا۔ 92 نیوز نے 2 روز قبل ہی دورے کی منسوخی بارے بتا دیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان اس وقت سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں موجود ہیں جہاں وہ 2 روزہ گلوبل رفیوجی فورم سے خطاب کریں گے۔ وزیرااعظم کے جنیوا پہنچنے پر سوئٹزر لینڈ میں پاکستان کے سفیر اور یو این جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب نے استقبال کیا۔ اعلامیہ کے مطابق گلوبل رفیوجیز فورم رواں صدی کا مہاجرین کے بارے میں سب سے بڑا اجلاس ہوگا ، گلوبل رفیوجیز فورم کی یو این ایچ سی آر آر یو این رفیوجی ایجنسی اور سوئس حکومت مشترکہ میزبانی کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان فورم میں پاکستانی موقف پیش کریں گے، وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے تعاون اور تجربات سے گلوبل فورم کو آگاہ کریں گے۔ عمران خان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے دیئے جانے والے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔