Friday, May 10, 2024

وزیراعظم عمران خان کا ایک بار پھر تمام اداروں کو ٹھیک کرنے کا عزم

وزیراعظم عمران خان کا ایک بار پھر تمام اداروں کو ٹھیک کرنے کا عزم
December 24, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر تمام اداروں کو ٹھیک کرنے کا عزم کر لیا۔ پاکستان پوسٹ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں جیسی سہولیات دینے کا اعلان کیا۔ عمران خان نے کہا جمہوریت میں میرٹ ہے اس لیے بادشاہت سے آگے نکل گئی۔ چین آج دنیا میں سب سے زیادہ ترقی کررہا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ میرٹ پر کام کررہے ہیں۔ چین کے صدر اور وزیراعظم بہت ہی آہستگی کے ساتھ اوپر آئے ہیں، اس لیے کبھی بھی سسٹم انہیں نہیں ہرا سکتا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہم نے آزادی تو حاصل کر لی لیکن  حکمرانوں کا ذہن تبدیل نہیں ہوا۔ کوشش کر رہے ہیں میرٹ پر تمام اداروں کو ٹھیک کریں۔ انہوں نے کہا 2019 ہمارے لیے مشکل سال تھا، خساروں کو ٹھیک کرنے کیلیے زور لگا رہے ہیں، امپورٹ اور ایکسپورٹ میں بہت زیادہ فرق تھا۔ انشاء اللہ 2020ء پاکستان کیلیے ترقی کا سال ثابت ہو گا۔ 2020 میں نوجوانوں کیلیے نوکریاں پیدا کریں گے۔ غربت ختم کرنے کا احساس پروگرام آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا باہر جا کر روزگار کمانے والے پاکستانیوں سے میرا بہت واسطہ رہا۔ یہ لوگ اپنے خاندانوں کو چھوڑ کر جاتے ہیں۔ سال میں ایک یا دو بار اپنے بیوی بچوں اور والدین سے مل پاتے ہیں۔ کچھ کی نوکری ایسی ہے کہ سال میں بس ایک ہی بار عید پر آپاتے ہیں۔ ایسے لوگ اللہ کے بہت قریب ہوتے ہیں۔ ہمیں ان لوگوں کی بہت قدر کرنی چاہئے۔ پہلے ان لوگوں کی قدر نہیں ہوتی تھی۔ ہمارے مزدوروں کو جب مشکلات کا سامنا ہوتا تھا تو ایمبیسی ان کا خیال نہیں رکھتی تھی۔ میں نے اس حوالے سے تمام ایمبیسیوں کو ہدایات دی ہیں کہ ان مزدوروں کا خیال رکھا جائے۔ عمران خان نے مزید کہا اگر یہ لوگ کسی بھی جائز طریقے سے پیسے بھیجتے ہیں انہیں فائدہ پہنچائیں گے۔ ہم اس حوالے سے ایک سکیم تیار کررہے ہیں۔ ہم ان کے گھر والوں کو اپنا ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ پاکستان پوسٹ کا یہ اقدام بیرون ملک جانے والے محنت کش طبقے کے لیے آسانی پیدا کررہا ہے۔